لاہور(نمائندہ جنگ)پراسیکیوشن اور پنجاب حکومت کے اہم اجلاس میں سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کا ٹرائل جیل میں کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا، فیصلے کے بعد جیل انتظامیہ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،پراسیکیوشن ٹیم کی فیکٹری کے تمام کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی ہدایت ،پولیس جلد از جلد چالان مکمل کرکے عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق محکمہ پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم نے سری لنکن شہری کے قتل کیس میں سیالکوٹ فیکٹری میں لگے تمام 160 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی ہدایت کر دی، سیالکوٹ میںبریفنگ کے بعد 3رکنی پراسکیوشن ٹیم کے سربراہ ڈپٹی پراسکیوٹر عبدالروف وٹو نے تفتیشی ٹیم کو ہدایت کی کہ سری لنکن شہری کو قتل کرنے والے اور جلانے والے ملزمان کی علیحدہ علیحدہ تفتیش مکمل کی جائے، جن ملزمان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ نہیں ہو سکا فوری کروایا جائے، جلد از جلد تفتیش مکمل کر کے چالان مکمل کیا جائے۔