قومی ہاکی ٹیم کے سینئر گول کیپرز کو ویزے مل گئے، امجد علی اور مظہر عباس غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے ڈھاکا روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر گول کیپر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل پاکستان کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے، بہترین پرفارمنس کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کل سے 22 دسمبر تک ڈھاکا میں کھیلی جائے گی، ویزے نہ ملنے کی وجہ سے گول کیپرز امجد علی اور مظہر عباس ٹیم کے ہمراہ نہیں جاسکے تھے۔
واضح رہے کہ ملائیشین ہاکی کنفیڈریشن نے بنگلا دیش میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق سینئر ملائیشین کھلاڑی کا حال ہی میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ٹیم کو مکمل طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق نئی صورتحال کے تناظر میں ایونٹ میچز کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا کیونکہ اب ایونٹ میں 6 کے بجائے 5 ٹیمیں کھیل رہی ہیں جن میں بنگلا دیش، پاکستان، بھارت، کوریا اور جاپان شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 14 دسمبر کو جاپان کیخلاف کھیلے گی جبکہ 16 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کیساتھ میچ ہوگا، 18 دسمبر کو کوریا اور 19 دسمبر کو میزبان بنگلادیش سے مدمقابل ہوگی۔