وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے خلاف تو جنگی جرائم جیسے کیسز چلنے چاہیے تھے۔
ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انسانی حقوق کی بات کی اور احترام بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پکا قلعہ سے پی پی پی کا کیا واسطہ تھا؟ یہ پی پی پی حکومت کے خلاف سازش تھی، جس کا ایم کیو ایم حصہ تھی۔
صوبائی وزیر بلدیات نے استفسار کیا کہ عامر خان بتائیں کہ مخالفین کے جسموں میں ڈرل سے سوراخ کس نے کیے؟
اُن کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ بوریوں میں بند لاشیں کون دیتا تھا؟ سٹی کورٹ میں وکیلوں کو زندہ کس نے جلایا۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے خلاف تو جنگی جرائم جیسے کیسز چلانے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتال سندھ حکومت کو جانے سے ایم کیو ایم کے گھوسٹ ملازمین فارغ ہوجائیں گے، یہی خوف متحدہ کو کھائے جارہا ہے۔