خانیوال کے حلقہ پی پی 206 میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے، جس میں 12 امیدواروں میں ایک خاتون امیدوار بھی شامل ہے۔
خانیوال کا صوبائی حلقہ 06 پاکستان مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے امیدوار نشاط احمد ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوا تھا۔
ان ہی کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا اب ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کے مقابلے میں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
نورین ڈاہا الیکشن میں کامیابی کی صورت میں خواتین کی ترقی کا عزم لے کر پنجاب اسمبلی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 54 فیصد آبادی خواتین کی ہے، میں چاہتی ہوں وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوں، ہنر مند بنیں اور اپنا گھر چلا سکیں۔
70 فیصد شہری آبادی پر قائم اس حلقہ میں خواتین ووٹرز کی تعداد بھی مرد ووٹرز سے صرف 20 ہزار کم ہے۔
یعنی 1 لاکھ 5 ہزار 508 خواتین ووٹرز کے حلقہ میں خواتین اپنے مسائل کے حل کے لئے بہترین امیدوار کا انتخاب کرنا چاہتی ہیں۔
ایک خاتون ووٹر نے کہا کہ غریب عوام سے وعدے کئے گئے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے گا، غربت دور کی جائے گی مگر افسوس موجودہ حکومت ناکام رہی اور صرف انتقامی سیاست پر زور دیا۔
خاتون ووٹر بسم اللّٰہ ارم نے کہا کہ ایسے نمائندے آئیں جو خواتین کے رائٹس پر باقاعدگی سے کام کریں اور حقیقی معنوں میں بہتر مواقع فراہم ہوسکیں۔
حلقہ کی خواتین، ووٹ کی طاقت کو جانتی ہیں، اسی لئے پر عزم ہیں کہ الیکشن کے روز وہ اپنا قیمتی ووٹ کاسٹ ضرور کریں گی تا کہ اس بار کوئی ایسا امیدوار چن سکیں، جو حقیقی معنوں میں اپنے حلقے کی بہتری اور خواتین کی ترقی کے لئے کام کرے۔