• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہل پشاور کیلئے جبہ ڈیم تعمیر کرینگے ،شاہ جی گل آفریدی

پشاور(وقائع نگار) تحریک اصلاحات پاکستان کے سربراہ الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور میئر شپ کے امیدوار شعیب خان کو کامیابی ملی تو اہل پشاور کیلئے جبہ ڈیم تعمیر کرینگے جس سے اہل پشاور کو وافر مقدار میں صاف پانی میسر ہونے سمیت متھرا اور دیگر اطراف میں جوہڑوں میں سیلابوں کا نہ رکنے والا سلسلہ رک جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن کے دفتر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن کے بانی حاجی شرف الدین صافی‘ مرکزی ترجمان ہارون صافی‘ معاون خصوصی ٹو بانی حبیب اللہ صافی‘ سوشل میڈیا انچارج مسید خان صافی اور دیگر عہدیدار بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تحریک اصلاحات پاکستان کے سربراہ الحاج شاہ جی گل نے صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن سے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پشاور میئر شپ کے امیدوار شعیب خان کو سپورٹ کرنے کی اپیل کی جس پر صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن کے بانی حاجی شرف الدین صافی نے کہا کہ شوریٰ کمیٹی اس بارے مشاورت کریگی کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کس پارٹی کو سپورٹ کیا جائے جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ الحاج شاہ جی گل نے انتخابی مہم کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پشاور میئر شپ کے امیدوار شعیب خان کاروباری شخصیت ہیں جن کی کامیابی سے پشاور ترقی کرنے سمیت تاجر خوشحال ہوں گے کیونکہ وہ اہل‘ با صلاحیت اور دیانتدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کی خاطر پارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے جبکہ میری سب سے بڑی کامیابی فاٹا انضمام ہے جس سے قبائلی اضلاع میں جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے اور مذکورہ علاقوں میں قیام امن ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو کمائی نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ بنایا ہے اور یہ خدمت کا سلسلہ تا دم مرگ جاری رکھوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل پشاور میئر شپ پشاور کے امیدوار شعیب خان کو کامیاب کرائیں تاکہ وہ گھر کی دہلیز پر عوامی مسائل حل کریں۔
تازہ ترین