اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے 16 ہزار ملازمین کی برطرفی سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، جو (آج) جمعہ کی صبح 11 بجے سنایا جائیگا۔ جمعرات کو دورانِ سماعت سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو سیکنڈ ایمپلائز ایکٹ پر دلائل دینے کا ایک اور موقع دیا۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب! تجاویز جانیں اور ملازمین جانیں، عدالت صرف قانون کو دیکھے گی، یقینی بنائینگے کہ کوئی چور دروازے سے سرکاری ملازمت میں داخل نہ ہو سکے، یقینی بنائینگے کہ آئینی اداروں میں کوئی غیر آئینی طریقے سے داخل نہ ہو۔ اٹارنی جنرل اپنے دماغ میں یہ بات رکھیں کہ موجودہ کیس کا رنگ بدل چکا ہے، معاملہ نظرثانی کی حدود سے نکل چکا ہے، موجودہ کیس نظرِ ثانی ہے لیکن ہم نے نئے سرے سے قانون کی تشریح شروع کی، ملازمین کے کیس میں بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے، یہ آرٹیکل 184تھری کا اچھا کیس تھا لیکن مرکزی کیس میں اس کا اطلاق ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین اور آئینی حدود کی پابند ہے، عدالت 30سال سے بھرتیوں کے طریقہ کار پر عمل درآمد کروا رہی ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب! ہم آپ کی جانب سے ایکٹ پر ٹھوس دلائل کے خواہش مند تھے، یہ ملازمین 1997ء سے 1999ء کے درمیان نکالے گئے، ان ملازمین نے 10، 11سال میں نئی ملازمتیں یا کام بھی کیے، اگر آج آپ نے ایکٹ پر معاونت کی تو ٹھیک، ورنہ عدالت اپنا فیصلہ سنائیگی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت 2010ء کے قانون کو مختلف انداز سے دیکھے، قانون کو خلافِ ضابطہ برطرفیاں واپس لینے کے قانون کے طور پر پڑھا جائے، خلافِ ضابطہ برطرفیاں واپس لینے کے تناظر میں قانون کو دیکھنے سے اسے برقرار رکھا جا سکتا ہے، قانون کو اس انداز میں پڑھنے سے ملازمین 1997ء والی سطح پر بحال ہو جائیں گے۔