کراچی ( سید محمد عسکری) بیگم نصرت بھٹو یونیورسٹی برائے خواتین سکھر کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں تین امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جن میں ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، ڈاکٹر انیلہ عطا الرحمان اور ڈاکٹر تہمینہ شامل ہیں۔ تلاش کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ہوا۔ جامعہ کراچی سے تعلق رکھنے والے تلاش کمیٹی کے ایک رکن نے جنگ کو بتایا کہ 8؍ امیدواروں کو جمعرات کے روز انٹرویو کے لیے بلایا گیا تھا جن میں ڈاکٹر فتح محمد برفت، پروفیسر رزاق مہر، ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، ڈاکٹر انیلہ عطاالرحمان، ڈاکٹر تہمینہ، پروفیسر نبی بخش جمانی، ڈاکٹر صغیر احمد شیخ اور غلام سرور مرکھنڈ شامل تھے ۔ حتمی شکل دیئے گئے ناموں کو سمری کی صورت میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے جائیں گے۔ تاہم یہ یاد رہے کہ گزشتہ 6؍ ماہ سے دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلئے 3؍ نام وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس پڑے ہیں تاحال اس کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔ امکان ہے کہ بیگم نصرت بھٹو یونیورسٹی برائے خواتین کی سمری بھی سرد خانے کی نذر ہوجائے۔ سکھر بیگم نصرت بھٹو یونیورسٹی اپنے قیام سے لے کر اب تک مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے۔