امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 19 تاریخ تحریک انصاف کو الوداع کہنے کا دن ہے۔
پشاور میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کا مسئلہ بڑھ گیا ہے، فوادچوہدری کہتے ہیں گیس ختم ہوگئی ہے، عوام تیاری کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو کہتے ہیں گیس ختم نہیں ہوئی، آپ کی حکومت جانے والی ہے، 19 تاریخ کا دن پی ٹی آئی کے لیے الوداع کا دن ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے 3 سال میں پاکستان کو ٹھیک نہیں کیا، اب دو سال میں ملک کو کیسے ٹھیک کرے گی؟
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری حکومتوں کی وجہ سے کشمیر اور بنگلادیش ہمارے ہاتھ سے نکل گیا، اب دوبارہ سابقہ حکومتوں کے لوگ ووٹ مانگ کر موقع مانگ رہے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی تینوں کی حکومت ایک جیسی ہے بلکہ عمران خان کی حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ میرا 2 لاکھ میں گزارا نہیں ہورہا ہے، وزیراعظم کا وعدہ تھا کہ میں جھوٹ نہیں بولوں گا، اب جھوٹ یوٹرن بن چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عمران خان نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا عویٰ کیا تھا، اب ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔