• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی بلدیاتی الیکشن: انتخابی مواد کی ترسیل شروع


صوبۂ خیبر پختون خوا میں کل 19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق انتخابی مواد کی ترسیل شروع ہو گئی۔

پشاور میں پولنگ اسٹیشنز کا عملہ انتخابی مواد کی وصولی کے لیے ضلع کونسل ہال پہنچ گیا۔

پشاور سمیت صوبے بھر میں انتخابی سامان پولیس کی نگرانی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے عملے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

خیبر پختون خوا کے کتنے اضلاع میں پولنگ ہو گی؟

خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کل پولنگ ہو گی، بلدیاتی انتخابات پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، خیبر، مہمند، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں ہو رہے ہیں۔

میئر سٹی کونسل اور چیئرمین تحصیل کونسل کے لیے بھی ووٹنگ ہو گی، ویلیج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے چیئرمین اور ارکان کا چناؤ بھی ہو گا۔

صوبے بھر میں امیدواروں کی تعداد 37 ہزار 752 ہے، جن میں سے تحصیل چیئرمین اور میئر کی نشستوں کے لیے 689 امیدوار، ویلیج اور نیبر ہڈ کونسلز میں جنرل نشستوں کے لیے 19 ہزار 282 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز میں خواتین نشستوں کے لیے 3 ہزار 870 امیدوار، کسان و مزدور نشستوں پر 7 ہزار 428 امیدوار، نوجوانوں کی نشستوں کے لیے 6 ہزار 11 امیدوار جبکہ اقلیتی نشستوں پر 293 امیدوار میدان میں آئے ہیں۔

الیکشن کمشنر خیبر پختون خوا کے مطابق ہر ووٹر کو 6 مختلف رنگوں کے بیلٹ پیپرز دیے جائیں گے،جن پر پارٹی کا نام اور نشانات درج ہوں گے۔

میئر اور چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست کے لیے بیلٹ پیپر سفید، ویلیج، نیبرہڈ کونسل کی جنرل نشست کے لیے سلیٹی رنگ کا ہو گا۔

خواتین کی نشست کے لیے بیلٹ پیپر گلابی، نوجوان امیدواروں کی نشست کے لیے پیلا، کسان و مزدور کی نشست کے لیے سبز رنگ جبکہ اقلیتی نشست کے لیے بھورا ہو گا۔

ہر ووٹر 3 جنرل نشستوں کے امیدواروں میں سے صرف 1 امیدوار کو ووٹ ڈال سکے گا۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور شعبۂ تعلقاتِ عامہ سے رابطہ کریں اور گمراہ کن و بے بنیاد جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔

الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام بغیر تصدیق کے جھوٹی خبروں کو آگے شیئر نہ کریں، صرف الیکشن کمیشن سے جاری شدہ بیانات اور پریس ریلیز ہی کو عوامی آگاہی کے لیے شیئر کیا جائے۔

پشاور میں کتنے امیدوار،  کتنے ووٹرز، کتنے پولنگ اسٹیشن؟

پشاور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 19 لاکھ 18 ہزار 587 ہے، شہر میں1 ہزار 248 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے مردوں کے لیے 677 اور خواتین کے لیے 529 پولنگ اسٹیشن ہوں گے۔

پشاور میں نیبرہڈ کونسلز کی تعداد 128 اور 229 ویلیج کونسلز ہیں، اس طرح نیبرہڈ اور ویلیج کونسلز کی مجموعی تعداد 357 ہے۔

پشاور میں سٹی کونسل کے میئر اور 6 تحصیلوں کے چیئرمین کے لیے بھی انتخابات ہوں گے۔

پشاور سٹی کونسل میئر شپ کے لیے مجموعی طور پر 17 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سے پی ٹی آئی کے امیدوار محمد رضوان خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ارباب زرک خان، جماعت اسلامی کے امیدوار بحر اللّٰہ، جے یو آئی ف کے امیدوار زبیر علی اور اے این پی کے امیدوار شیر رحمٰن نمایاں ہیں۔

لکی مروت کی انتخابی صورتِ حال

لکی مروت میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل جاری ہے۔

لکی مروت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 409 پولنگ اسٹیشنز اور 1 ہزار 291 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

لکی مروت میں انتخابی عمل کے پر امن انعقاد کے لیے 2 ہزار اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

چارسدہ میں پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل

چارسدہ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر چارسدہ کے مطابق پولیس کی نگرانی میں انتخابی سامان پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 732 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 295 پولنگ اسٹیشنز حساس، جبکہ 437 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار دیئے گئے ہیں۔

ٹانک: دور دراز علاقوں میں سامان بھجوا دیا گیا

ٹانک میں انتخابی سامان کی ترسیل کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا ہے کہ ٹانک کے دور دراز کے علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز کے لیے انتخابی سامان بھجوا دیا گیا ہے۔

تازہ ترین