• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبریٰ خان نے کینسر سے جنگ جیتنے کی کہانی سنا دی

فیملی کے پاس لندن گئی تو ایک چیک اپ کے دوران کینسر کی تشخیص سامنے آئی، کبریٰ خان
فیملی کے پاس لندن گئی تو ایک چیک اپ کے دوران کینسر کی تشخیص سامنے آئی، کبریٰ خان

پاکستانی معروف اداکارہ کبریٰ خان نے خود پر گزرنے والے زندگی کے مشکل ترین وقتوں سے پردہ اُٹھایا ہے۔

اداکارہ کبریٰ خان نے خود پر چڑھنے والے موٹاپے، اُس کے اسباب اور  ہونے والی تنقید سے متعلق ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کی ہے۔

کبریٰ خان کا بتانا ہے کہ ’دو سے تین سال اُن کی زندگی کے بہت مشکل رہے ہیں، ایک تو کورونا وائرس نے بہت پریشان کیا ہوا تھا دوسرا جب وہ اپنی فیملی کے پاس لندن گئیں تو ایک چیک اپ کے دوران اُن میں کینسر کی تشخیص سامنے آئی۔‘


کبریٰ خان نے کپکپاتے ہاتھوں کے ساتھ اس موضوع پر بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ’اُن میں کینسر کی تشخیص پہلے مرحلے ہی میں ہو گئی تھی، اللّٰہ کا یہ بھی کرم تھا کہ اُنہیں پہلے ہی اسٹیج پر معلوم ہو گیا تھا اُن میں جو ٹیومر موجود ہے وہ ابھی پہلے اسٹیج پر ہے۔‘


اُن کا کہنا تھا کہ ’جب وہ اس سارے مرحلے سے گزر کر پاکستان واپس آئیں تو اُنہیں موٹا ہو جانے پر بے حد تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لوگوں کا عجیب رویہ اختیار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمہاری تو گردن ہی نہیں ہے، اور وہ کسی کو بتا بھی نہیں سکتی تھیں کہ وہ  لندن سے کونسی جنگ لڑ کر آ رہی ہیں۔‘

کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ بہت پتلی دبلی رہی ہیں، اُن کا وزن کبھی 48 کلو سے اوپر نہیں گیا مگر جب اُنہیں صحت سے متعلق کئی مشکلیں جھیلنا پڑیں تو وہ موٹی ہو گئی تھیں۔‘


انہوں نے بتایا کہ ’وہ ٹیومر کے آپریشن کے بعد نہ واک کر سکتی تھیں اور نہ ہی ڈائٹ کیوں کہ اُنہیں بہت ادویات لینی پڑتی تھیں مگر لوگوں کی نفرت زدہ باتیں سُن سُن کر اور بہت مشکلیں جھیل کر آخر کار انہوں نے اپنا وزن پھر سے کم کر ہی لیا۔‘

تازہ ترین