خیبر پختون خوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی کونسل کی میئر شپ کے لیے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
نامعلوم ملزمان قتل کی واردات انجام دینے کے بعد باآسانی فرار ہو گئے، مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
الیکشن آفیسر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی امیدوار عمر خطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل میئر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے۔
الیکشن آفیسر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کے سوا دیگر نشستوں پر بلدیاتی الیکشن کل 19 دسمبر کو معمول کے مطابق ہوں گے۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبۂ خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کل پولنگ ہو گی۔
بلدیاتی انتخابات پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، خیبر، مہمند، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں منعقد ہوں گے۔