ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد تین، تین گول سے برابر ہوگیا۔
بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جاری ایونٹ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔
پہلے کوارٹر میں جنوبی کوریا کے کم کیو بیوم نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، دوسرے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے افراز نے گیند کو حریف ٹیم کے گول میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے عبدالوحید رانا کے گول کے ذریعے قومی ٹیم نے برتری حاصل کی لیکن جنوبی کوریا کے جی وو چیون نے گول کرکے سبقت کا خاتمہ کردیا۔
آخری کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ رہا، جنوبی کوریا کے جینگ جونگ نے ٹیم کو برتری دلائی مگر ایک منٹ بعد ہی پاکستان کی جانب سے عبدالوحید رانا نے ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔
واضح رہے کہ تین میچوں کے بعد پاکستان کے 2 پوائنٹس ہیں اور اس کا آخری میچ بنگلادیش سے ہوگا۔