امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پیپلز پارٹی پر کراچی سمیت سندھ کو تباہ کرنے کا الزام لگادیا۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر کراچی بچاؤ مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ آج شہر قائد اپنا حق مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میئر کے پاس اگر کسی شعبے کا اختیار نہیں تو کیا اُس کا کام جھاڑو دینا ہے؟ کراچی والوں کو ایسا میئر نہیں چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی مسلسل سندھ میں حکمران رہی ہے، اس نے سندھ کو تباہ کردیا ہے، اندرون سندھ اسپتال تباہ اور اسکول برباد ہوگئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج اندرون سندھ کے دیہاتوں میں بھی غربت ناچ رہی ہے، سندھ کے عوام کو کچھ نہیں ملا، حکمرانوں کی جائیدادوں میں اضافہ ہوا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے لوگ 95 فیصد ٹیکس دیتے ہیں، پیپلز پارٹی نے کبھی بھی شہر قائد کے لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ترمیمی بل میں تمام اختیارات وزیراعلیٰ کے سپرد کر دیے گئے ہیں، شہر میں کسی بھی شعبے پر میئر کا اختیار نہیں تو میئر کا کام کیا جھاڑو دینا ہے؟ ایسا میئر نہیں چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی 1970 سے کچھ نہیں کرسکی، شہر کراچی پر اس کا قبضہ ہے، انہوں نے کراچی کو تباہ کردیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ تو لندن جاتے رہتے ہیں، لندن کے میئر کے کیا اختیارات ہیں، دیکھیں استنبول کے میئر کے کیا اختیارات ہیں، پیپلز پارٹی نے کراچی کے ساتھ سندھ کے لوگوں سے بھی انصاف نہیں کیا۔