خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران خود کش دھماکا، راکٹ حملے اور فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بلدیاتی الیکشن میں ضلع خیبر میدان جنگ بن گیا، کہیں پولنگ اسٹیشنر پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، کہیں بیلٹ باکسز اور بیلٹ پیپرز کو جلادیا، نوشہرہ اور بونیر میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر بھی حملہ کیا گیا۔
ضلع خیبر بلدیاتی الیکشن کے دوران میدان جنگ بن گیا، تحصیل باڑہ منڈی میں پولنگ اسٹیشن کے اندر فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد نے پولنگ باکس کو آگ لگادی اور تمام بیلٹ پیپرز جلا دیے۔
زخہ خیل اور لنڈی کوتل میں مسلح افراد کے پولنگ اسٹینشوں پر حملے اور فائرنگ سے بھگڈرمچ گئی، راکٹ چل گئے۔
پولنگ اسٹیشن پربیلٹ بکس توڑگئے، الیکشن میٹریل کوبھی نقصان پہنچایا گیا، بھگڈر، بے نظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹینشوں پر پولنگ کا عمل بند اور حالات کشیدہ ہوگئے۔
باجوڑ میں تحصیل سالا رزئی میں نامعلوم افراد کی پولیس وین پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، تحصیل ماموند کےعلاقے کمرسر میں خودکش دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
ادھر کرک کی تحصیل تخت نصرتی پولنگ اسٹیشن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک کے چچازاد بھائی اور ان کا گن مین جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی۔
کوہاٹ میں تحصیل درہ آدم خیل میں مشتعل افراد کا پولنگ اسٹیشن پردھاوا بول دیا، مشتعل افراد بیلٹ باکس اپنے ساتھ لے گئے اور ان کو آگ لگا دی۔
سنگڑھ گرلز پرائمری اسکول پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کی شکایت پر تحصیل مئیر کے امیدوار نے پولنگ رکوا دی، تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون پریزائیڈنگ افسر کو کام سے روک کر چارج ڈپٹی پریزائڈنگ افسر کے حوالے کر دیا۔
تحصیل جمرود کے علاقہ ملاگوری میں پولنگ اسٹیشن میں بھگدڑ اور ہوائی فائرنگ سے پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا۔
نوشہرہ میں میر مصری بانڈہ میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر آزاد کونسلر کے امیدوار نے اپنے ساتھیوں سمیت حملہ کیا۔
حملہ آوروں نے چھ بیلٹ بوکس بھی توڑ دیے، پولیس نے آزاد امیدوار سمیت 105 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
بونیر میں مشتعل ہجوم نے خواتین پولنگ اسٹیشن چغرزئی پر حملہ کی کوشش کی، پولیس کی ہوائی فائرنگ سے مشتعل افراد منتشر ہوگئے۔
خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقہ جان خان اسکول میں خواتین پولنگ اسٹیشن میں بےنظمی کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر مسلح افراد نے حملہ کردیا، ڈی ایس پی سمیت تمام اہلکار محفوظ رہے، مہمند کے شہید بانڈا پولنگ اسٹیشن کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ویلج کونسل کے جنرل کونسلر کے امیدوار زخمی ہوگئے۔
ٹانک کے نواحی علاقہ ملازئی میں پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی پارٹیوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا۔
لکی مروت میں منگلی پولنگ اسٹیشن کے باہر امیدوراروں کے حامیوں میں ہاتھا پائی اور فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔
ملتانی من جیوالہ کے خواتین کے پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی، فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی۔