وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ50 حملہ آوروں نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ سیاہ جھنڈے اٹھائے 40 سے 50 افراد نے پہلے سیکیورٹی کی گاڑی پر حملہ کیا، سیکیورٹی کی گاڑی آگے نکلی تو فائرنگ کردی، اپنی آنکھوں سے فائرنگ ہوتے ہوئے دیکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوہاٹ میں ووٹ ڈال کر واپس پشاور آرہا تھا، درہ آدم خیل میں داخل ہوتے ہوئے کالے جھنڈے اٹھائے افراد کا گروپ حملہ آور ہوا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ان افراد نے ہماری گاڑی پر حملہ کیا، یقین نہیں آتا اس صورتحال سے کیسے نکلے، ان افراد نے تعاقب بھی کیا اس دوران ہم پشاور پہنچ گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حملہ آور نوجوان تھے کالے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، جھنڈوں پر لکھے الفاظ میں پڑھ نہیں پایا۔
شبلی فراز نے کہا کہ زخمی ہونے پر ڈرائیور کا خون نکل رہا تھا، تاہم اب اسپتال میں ہے، معلوم نہیں ڈرائیور کو کیا چیز لگی۔