کوئٹہ کے علاقے ائیرپورٹ روڈ نجی ہاوسنگ اسکیم میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے باعث ایک لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے علاقے ائیرپورٹ روڈ نجی ہاوسنگ سوئٹی میں حاجی حبیب اللّٰہ کے گھر کے تہ خانے میں سوئی گیس کے پائپ کے ساتھ غیر قا نونی طور پر کمپریسر نصب کر رکھا تھا، جس کے ذریعہ مین سپلا ئی لائن سے گیس کھینچی جا رہی تھی کہ اچانک گیس لیکج کے باعث زور دار دھما کہ ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ۔
اس دھماکے سے تہ خانہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ عمارت کے بالائی حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے اور آتشزدگی کے باعث ایک لڑکی اور 70سالہ بزرگ جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
واقعہ کے بعد پولیس اور ریسکیو کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعہ کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا، مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کر رہی ہے۔