کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان بنگلہ دیش کو آخری رائونڈ میچ میں2-6سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ۔ اس کا مقابلہ منگل کو جنوبی کوریا سے ہوگا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی ٹیم ایشین چیمپئن جاپان سے مقابلہ کرے گی جسے اتوار کو بھارت نے6- 0سے مات دی۔ اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جانب سے احمد ندیم اور اعجاز احمد نے دو، دو گول بنائے۔ ہوم سائیڈ نے پاکستان کے خلاف کھیل کے13 ویں منٹ میں ارشد حسین کے گول کی مدد سے اس نے برتری حاصل کر لی ، پاکستان کی جانب سے34ویں منٹ میںمحمد رزاق نے پنالٹی پر گول اسکور کیا، جبکہ ایک گول افراز نے بنایا، بنگلہ دیش کی جانب سے دوسرا گول بھی ارشد حسین نے بنایا۔ پاکستانی ٹیم سات پنالٹی کارنر پر صرف ایک گول اسکور کرسکی ۔ پاکستان نے چار میچوں میں سے ایک جیتا ایک ہارا اور دو برابر کھیلے۔ اعجاز احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔