کہتے ہیں،نام کا شخصیت پر گہرا اثر ہوتا ہے،لیکن بہت ہی کم لوگوں کی شخصیات، کارنامے، قابلیت، ذہانت و فطانت اُن کے ناموں کے عین مطابق ہوتی ہے۔ ایسی عین مطابق کہ پھر تاریخ میں جب بھی وہ نام دُہرائے جاتے ہیں، ذہن کے دریچوں پر یک دَم اُس نام سے موسوم شخصیت اُبھر آتی ہے۔ بلاشبہ،دنیا میں ایک ہی نام کے کئی افراد بستے ہیں، لیکن کچھ شخصیات ایسی بھی ہوتی ہیں، جو ناموں کی پہچان بن جاتی ہیں۔اسی طرح ایک عام خیال ہے کہ مشہور و معروف افراد کے بچّوں کو کیریئر ،اپنی پہچان یا نام بنانےکے لیے کوئی تگ دو کرنی پڑتی ہے، نہ سخت محنت و مشقّت کہ اُن کا ’’سر نیم ‘‘،’’باپ داداکی دولت ‘‘ہی ان کا تعارف ہوتی ہے۔
لیکن کون جانتا تھا کہ سندھ کے مشہور جاگیردارخاندان سے تعلق رکھنے والے، پاکستان کے معروف سیاسی لیڈر اور سابق وزیر اعظم پاکستان، ذوالفقار علی بھٹو اور نصرت اصفہانی کے گھر 21 جون 1953ء کو کراچی کے پنٹوز نرسنگ ہوم میں پیدا ہونے والی ، بچّی، تاریخ میں ’’بے نظیر‘‘ ٹھہرے گی، سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا ہونے والی بچّی کی زندگی کبھی نہ ختم ہونے والی مشکلات، جدّو جہد اور کٹھنائیوں سے عبارت ہوگی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی اور نصرت بھٹو کی پہلی اولاد کا نام ’’بے نظیر بھٹو‘‘ رکھا۔
نام رکھتے وقت شاید اُنہیں خود بھی اندازہ نہیں ہوگا کہ جس بچّی کو وہ بے نظیرنام دے رہے ہیں، اس کی پھرواقعی کوئی نظیر نہیں ہوگی۔ پاپا کی’’ پنکی‘‘ کا بچپن شہزادیوں جیسا حسین و دل کش تھا۔ وہ اپنے پاپا کی بے حد لاڈلی، بچپن ہی سےان کی انتہائی تابع دار تھی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی خاندانی روایات کے بر عکس بےنظیر کو دنیا کی بہترین درس گاہوں میں حصولِ علم کے لیے تو بھیجا، مگر ساتھ اُس کی تربیت بھی مسلسل جاری رکھی کہ وہ اپنی پنکی کو ہر حوالے سے ’’بے نظیر‘‘ بنانا چاہتے تھے اور بیٹی بھی کیا کمال شخصیت کی مالک تھی کہ جس کے لیے اُس کے باپ کے خوابوں کی تعبیر وتکمیل ہی زندگی کا اوّلین مقصد ٹھہرا۔
بے نظیر بھٹّو نے ابتدائی تعلیم لیڈی جیننگز نرسری اسکول اور کانونٹ آف جیسز اینڈ میری،کراچی سے حاصل کی۔جب کہ دو سال راول پنڈی پریزنٹیشن کانونٹ اوربعد ازاں، جیسز اینڈ میری،مَری میں بھی تعلیمی مدارج طے کیے۔بے نظیرنے15 برس کی عُمر میں نمایاں گریڈز سےاو لیولز کیا ۔بعد ازاں،اپریل 1969ء میں اعلیٰ تعلیم کے لیے ریڈ کِلف کالج،ہاروَرڈ یونی وَرسٹی میں داخلہ لیا، جہاں سے1973ء میں سیاسیات میں گریجویشن کیا۔اس کے بعد آکسفورڈ یونی وَرسٹی گئیں۔جہاں سے فلسفے، معاشیات اور سیاسیات میں ماسٹرز کیا۔یاد رہے،وہ زمانۂ طالب علمی، بالخصوص آکسفورڈ یونی وَرسٹی میں اپنے ساتھیوں میں بے حد مقبول تھیں۔
وہ آکسفورڈ یو نی وَرسٹی یونین کی صدر منتخب ہونے والی پہلی ایشیائی مسلمان خاتون تھیں۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ جب محترمہ بے نظیر بھٹو اعلیٰ تعلیم کے لیے ریڈ کلف کالج روانہ ہورہی تھیں، تو بھٹو صاحب نے انہیں نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’پاکستان میں بہت کم لوگوں کوایسا موقع میسّر آتا ہے، لہٰذا تمہیں اس سے پورا پورا فائدہ اُٹھانا چاہیے اور مت بھولو کہ وہاں تمہاری تعلیم پرجو خرچ آئے گا،وہ پیساہماری زمینوں سے آئےگا۔
یعنی وہ اُن لوگوں کی محنت ہے، جو خون پسینہ ایک کرکے زمینوں پر کام کرتے ہیں، تو اب تمہیں ان کا قرض چُکانا ہے اور یہ قرض تم بفضلِ خدا اپنی تعلیم کی تکمیل کے بعد ان لوگوں کی زندگیاں بہتر کرکے چُکا سکتی ہو ۔‘‘بی بی بے نظیر بھٹو، صرف بھٹو صاحب کی مال و دولت، زمین جائیداد ہی کی نہیں، اُن کی خاندانی روایات، رواداری، تہذیب، نظریات، افکار ، ذہانت، سیاسی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں کی بھی وارث تھیں۔
جون 1977ء میں نوجوان بے نظیر برطانیہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس ارادے سے وطن واپس لَوٹی تھیں کہ وہ بیرونِ مُلک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے حاصل کی گئی تعلیم سے اپنے مُلک کو فائدہ پہنچائیں گی اور خارجہ اُمور میں خدمات سر انجام دیں گی، لیکن قدرت نے ان کی قسمت میں کچھ اور ہی لکھ رکھا تھا۔پاکستان پہنچنے کے کچھ ہی دنوں بعد مُلک کے سیاسی حالات اس قدر تبدیل ہوئےکہ حکومت کا تختہ اُلٹ دیاگیا۔یہی نہیں،جنرل ضیاءالحق نےاس وقت کے وزیرِ اعظم، ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے ساتھ انہیں جیل بھیج کر مُلک میں مارشل لاء نافذ کر دیا۔
بات یہاں ختم نہیں ہوئی، بلکہ بھٹوخاندان کو بشمول بے نظیربھٹو گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔بعد ازاں، اپریل 1979ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ذو الفقار علی بھٹو کو قتل کے ایک متنازع کیس میں پھانسی کی سزا سُنا دی۔ گوکہ سزا سابق وزیر اعظم کو سُنائی گئی تھی، لیکن امتحان بے نظیر کا تھا کہ بہت نازوں سے پلی بڑھی ایک نوجوان بیٹی نےاپنےباپ کی پھانسی کی سزا کیسے سُنی اور برداشت کی ہوگی، اُن کٹھن حالات کا سامنا کیسے کیا ہوگا، یہ ایک بہادر باپ کی، نڈر بیٹی ہی جان سکتی ہے۔
جب بی بی نے اپنی زندگی کی 25ویں بہار دیکھی، تو اُس وقت ذوالفقار علی بھٹو پابندِ سلاسل تھے۔زنداں سے انہوں نے اپنی پیاری اور بےحد لاڈلی،پنکی کے نام ایک خط لکھا کہ’’ایک بد نصیب قیدی باپ اپنی پیاری اور ذہین بیٹی کو خط کے ذریعے سال گرہ کی مبارک باد کیسے دے پائے گا،جو اپنے باپ کی زندگی کے لیے جدّوجہد کر رہی ہو اور خود بھی پابندِ سلاسل ہو۔جو اپنے اور اپنی ماں کے سانجھے دُکھ کو جانتی ہے،کس طرح محبّت سے لبریز جذبات کا پیغام ایک قید خانے سے دوسرے قید خانے اور ایک زنجیر سے دوسری زنجیر تک پہنچ سکتا ہے۔
تمہارے دادا، دادی نے مجھے بہت باوقار انداز سے غریب کی سیاست کرنا سکھائی۔ میری پیاری بیٹی! مَیں تمہیں صرف ایک پیغام دینا چاہتا ہوںکہ یہی تاریخ کا پیغام ہے۔ اپنے عوام پر بھروسا کرو، ان کی بھلائی اور مساوات کے لیےکام کرو۔اللہ کی جنّت، ماں کے قدموں تلے اور سیاست کی جنّت عوام کے قدموں تلے ہے۔مَیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے تمہیں کیا تحفہ دے سکتا ہوں، جہاں سے مَیں اپنا ہاتھ بھی باہر نہیں نکال سکتا۔
بس،آج میں تمہارے ہاتھ میں عوام کا ہاتھ دیتا ہوں۔‘‘ آہ…!!ان لمحات کے کرب، دُکھ کا اندازہ لگانا ہم میں سے کسی کے لیے بھی ممکن نہیں۔ سابق وزیر اعظم پاکستان کو تو پھانسی ہوگئی، لیکن ان کا نام پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہوگیا۔والد کی وفات کے بعد ان کی پنکی ایک آہنی قوّت بن کے اُبھری ، عوام کا ہاتھ تھامےجمہوریت کے لیے جدّوجہد جاری رکھی ۔باپ کی جدائی کا غم آ ڑے آیا، نہ دشمنوں کے جال، عوام کی خاطر جیلیں بھی کاٹیں اور جلا وطنی بھی برداشت کی۔
1984ء میں جیل سے رہائی کے بعد دو سال تک برطانیہ میں جلاوطنی کی زندگی گزاری۔ اسی دوران پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے انہیں پارٹی کا سربراہ بنا دیا۔ جب اپریل 1986ء میں بے نظیر وطن واپس لَوٹیں، تو جاں نثارانِ بھٹو، پاکستانی عوام نےبے نظیر کا ’’بے نظیر‘‘ استقبال کیا۔ 1987ء بی بی کی زندگی میں اس لیے اہمیت کا حامل تھا کہ وہ اس برس نواب شاہ کی اہم شخصیت،حاکم علی زرداری کے بیٹے آصف علی زرداری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بند ھ گئیں۔
لیکن سیاست سے کنارہ کش نہیں ہوئیں کہ وہ مُلک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنا چاہتی تھیں۔بالآخر1988ء میں ان کی جدو جہد اور محنت رنگ لائی اور عام انتخابات میں پی پی کی کام یابی سے بے نظیر بھٹو نے 2 دسمبر1988ء میں 35 سال کی عُمر میں بطور پاکستانی، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم کاحلف اُٹھایا۔ یاد رہے، انہوں نےدو مرتبہ (1988ء اور 1993ء) میں وزارتِ عظمیٰ کا قلم دان سنبھالا۔بے نظیر بھٹومطالعے کی بے حد شوقین تھیں ۔انہوں نے کچھ کتابیں بھی لکھیں،جن میںسے ’’دُخترِ مشرق ‘‘ قابلِ ذکر ہے۔
بے نظیر بھٹو کی زندگی سخت جدوجہد، مشکلات دَرمشکلات سے عبارت تھی۔اُ نہوں نے اپنے والد کا سیاسی قتل دیکھا، بھائیوںکے قتل کا صدمہ برداشت کیا،ماں کی گرفتاری کے بعد انہیں لا ٹھیاں کھاتے بھی دیکھا ۔ شوہر کی طویل جدائی برداشت کی، لیکن اُن کےارادوں میں ذرابھی لغزش نہ آئی۔ انہوںنے اپنے سارے ذاتی غم و الم ایک طرف رکھتے ہوئے عوام کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور ہمیشہ ثابت قدم رہیں۔ قید کے دوران بجائے اس کے کہ وہ ہمّت چھوڑ بیٹھتیں، انہوں نےبڑی بہادری اور عزم سے جیل کی سختیاں کاٹ کر حکومتِ وقت کا سر شرم سے جھکا دیا۔
بی بی نے اِک اِک قدم پر ثابت کیا کہ وہ پاکستانی عورت کا حقیقی چہرہ ہیں، جو وقت آ پڑنے پر خارجی اُمور بھی سنبھالتی ہے اور اُمورِ خانہ داری بھی دیکھتی ہے۔ وہ مناظر کون بھول سکتا ہے، جب بے نظیر بھٹو، ننّھی آصفہ کو گود میں لیے، بلاول، بختاور کی انگلیاں تھامےآصف علی زرداری سے ملاقات کرنے جیل جاتی تھیں۔ انہوں نے ہر ہر قدم پر ثابت کیا کہ وہ ایک بہادر باپ کی نڈر بیٹی ہیں، جس نے مشکلات کے آگے جُھکنا سیکھا ہے، نہ گھبرانا، بلکہ وہ تو کٹھن سے کٹھن حالات کا سامنا بھی جواں مَردی سے کرنے کی عادی تھیں۔
حبیب جالبؔ نے بھی محترمہ بے نظیر بھٹوکے لیے کیا خوب کہا؎ ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے…پھیلے ہیں ہمّت کے اُجالے ایک نہتّی لڑکی سے…ڈرے ہوئے ہیں،مَرے ہوئے ہیں، لرزیدہ لرزیدہ ہیں… ملّا، تاجر، جنرل، جیالے ایک نہتّی لڑکی سے…آزادی کی بات نہ کر، لوگوںسے نہ مِل،یہ کہتے ہیں… بےحِس،ظالم،دل کے کالے، ایک نہتّی لڑکی سے… دیکھ کے اس صُورت کو جالبؔ ساری دنیا ہنستی ہے…بلوانوں کے پڑے ہیں پالے،ایک نہتّی لڑکی سے۔
محترمہ نے دہشت گردوں کو اُس دَور میں للکارا،جب پاکستان میں چند ہی لوگ یہ جرأت کرسکتے تھے۔اپنے آخری جلسے میں بھی ان کی تقریر مزاحمتی سیاست کی استعارہ تھی،جس میں پاکستان کے عوام کے مستقبل اور مُلک میں امن و ترقی کی بات کی گئی۔ 18اکتوبر 2007ءکو وطن واپسی پرکراچی میں ان کے تاریخی استقبال کے موقعے پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد وہ جان چُکی تھیں کہ وہ چاروں طرف سےخطرات میں گِھری ہوئی ہیں ، لیکن وہ بزدلوں کی طرح چُھپ کر نہیں بیٹھیں، بلکہ اپنے مشن کی تکمیل کے لیے آگے اور آگے بڑھتی رہیں۔
اور پھر…بالآخر 27دسمبر 2007ء کی خون آشام، ستم گر، الم ناک شام کون بھول سکتا ہے کہ جب بے نظیر بھٹونا معلوم قاتلوں کا نشانہ بن کر ہم سے ہمیشہ کے لیے دُور چلی گئیں۔شنید ہے کہ اگر آج بی بی زندہ ہوتیں، تو پاکستانی سیاست کا منظر نامہ یک سرمختلف ہوتا۔ خیر، ہونی کوکون ٹال سکتاہے۔ بے نظیر کے قتل سے مُلک و ملّت کا تو جو ناقابلِ تلافی نقصان ہونا تھا، وہ ہوا، مگر ایک عوامی جماعت پیپلز پارٹی بھی خاصی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔ اللہ پاک بے نظیربھٹو کی مغفرت فرمائے اور ان کے قاتلوں کو جلد از جلدکیفرِ کردار تک پہنچائے،آمین۔