پشاور ( جنگ نیوز ) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پشاور ڈویژن پشاور، چارسدہ، مہمند، ضلع خیبر اور نوشہرہ میں پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری افسران اور سرکاری اہلکاروں کی فرض شناسی اور محنت کی بدولت پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں پرامن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکا جس کے لیے متعلقہ اداروں افسران اور اہلکاروں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے .انہوں نے کہا کہ فرائض کی بہترین طریقے سے انجام دہی کی بدولت کوئی بھی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا جس کے لئے ذاتی طور پر بھی تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کا ذاتی طور پر مشکور ہوں انہوں نے سوڑیزئی میں ہوائی فائرنگ وجہ سے منتخب جنرل کونسلر کی وفات پر شدید غصے اور رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی انہوں نے پرامن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر اور حوصلہ افزا ٹرن آئوٹ پر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ منتخب بلدیاتی نمائندے احسن طریقے سے عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔