• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو مہم،پشاور میں 748181بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے

پشاور ( جنگ نیوز )صوبائی دارلحکومت پشاورمیں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سات روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ / کوائرڈینیٹر (ای او سی) عبدالباسط، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم گل بانو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، انتظامی افسران سمیت محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری انسداد پولیو مہم کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران پشاور بھر میں 748181بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں جا رہے ہیں جس کے لیے 2496ٹیمیں پشاور کے مختلف علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں اور ان ٹیموں کی سیکیورٹی کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے۔پیر کے روز ضلعی انتظامیہ افسران نے پشاور کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو ٹیموں کے ہمراہ گھر گھر جا کر انکاری والدین کو قائل کرکے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ڈپٹی کمشنرنے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
تازہ ترین