مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان ہے، میرا خیال ہے اب تو کوئی پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا نہیں رہے گا، مشورہ ہے پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والے ہیلمٹ پہن کے جائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ نیب کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، آج نیب کے پراسیکیوٹر نے التوا مانگا ہے، ان کے پاس جھوٹ تھا، اس لیے التوا مانگ رہے ہیں ۔
کورٹ روم سے باہر آتے ہوئے رش کے باعث مریم نواز کو دھکا لگا، جس کے بعد مریم نواز کے گرد موجود کارکنوں اور دیگر افراد کو پیچھے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج نیب پراسیکیوٹر کی طبیعت خراب ہے، جبکہ نیب تو کہتا تھا سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو، اب نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے، جب اتنی بری کارکردگی ہوگی، تو نالائقی کے انبار ہونگے۔
مریم نواز نے کہا کہ اور لوگوں کی بات تو الگ آپ کے ایم پی اے ، ایم این اے آپ کے ساتھ نہیں ہیں، روز ٹاک شوز میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اپنی حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے اپنے گھر میں اتنی شرم ناک بد ترین شکست ہوئی، لاہور میں یہ سامنا کرنے کے قابل نہیں تھے، عمران خان کو چاہیے ابھی بھی موقع ہے عوام کی جان چھوڑ دیں، تھوڑی سی جو عزت ہے وہ بچا کے چلے جائیں، لوگوں کی زندگیاں عذاب کر دی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے عوام کو مہنگائی میں پیس کر رکھ دیا ہے،لوگوں کی زندگیاں عذاب کر دی ہیں،یہ پہلی حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہارے ہیں، کوئی تھوڑی سی بھی عزت والا ہو تو خدا حافظ کہہ کر چلا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف دائر نا اہلی کی پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے پٹیشن خارج کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے ذاتی نوعیت کے کیس پر کچھ نہیں کہنا چاہتی۔
افغانستان پر بلائی گئی کانفرنس سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ری ہیب لیٹیشن پوری دنیا کی ذمہ داری ہے، افغانستان کے عوام کی بحالی کیلئے پوری دنیا کو ساتھ آنا پڑے گا۔
مریم نواز کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے ، ہم ان کے ساتھ ہیں، کشمیر کی آواز ہر فورم پر اٹھانی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہاکہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں، اس سےزیادہ خوشی کی کیابات ہے کہ شہباز شریف کےپیچھےکھڑے ہوں گے، وہ انتہائی سینئر ہیں، وقت آنے پر ہم سب شہبازشریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ان کی سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ فیصلے کا اختیار نوازشریف کے پاس ہے ، سب پارٹی رہنماؤں نے فیصلے کا اختیار نوازشریف کو دیا ہوا ہے،وقت آئے گا تو پارٹی کی مشاورت سے نوازشریف فیصلہ کریں گے ، شہبازشریف نے بھی فیصلے کا اختیار نوازشریف کو دیا ہوا ہے۔
مریم نواز نے مولانا فضل الرحمٰن کو کے پی کےبلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مولانا کی فتح ہماری فتح ہے، ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے پی کا حق ہے، پوری توجہ دینی چاہیے، جو ترقی کے پی کا حق تھی وہ اس نالائقی کی نذر ہوگئی، مسلم لیگ نون کا ہزارہ میں اثر و رسوخ ہے، ہزارہ میں ایک حصے میں الیکشن ہوا اور وہاں ہم نتائج بھی دیں گے۔
کےپی عمران خان کی نالائقی سےجس گیارہ سالہ عذاب سے گزرا ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے،کے پی کے عوام سے درخواست ہے ترقی آپ کا حق ہے،مسلم لیگ نون سے بھی کہوں گی کہ وہاں بھرپور کام کریں۔
نواز شریف سے متعلق مریم نواز نے کہاکہ یہ ان کا ملک ہے، ان کی مٹی ہے، جلد واپس آئیں گے جبکہ بدنامی کا داغ مشرف کے ماتھے پر لگ گیا یے، دنیا مشرف کو دی گئی سزا یاد رکھے گی، مشرف اپنے وطن واپس نہیں آسکتے۔