مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرپشن کے رِنگ لیڈر نے شہباز شریف پر الزامات لگوائے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ ایک شخص کے خلاف 2 ایجنسیاں تحقیقات کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس بنایا گیا، روز شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں بیٹھ کر کاغذ لہراتے تھے۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ رمضان شوگر ملز اور گندا نالا کیس ڈال کر گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، روز تماشا اور روز اعلانات کیے جاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صاف پانی، آشیانہ جیسے کیسز بنائے گئے، کدھر ہیں وہ گواہ جو نہ گواہی دیتے ہیں اور نہ عدالت جاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے برطانوی اخبار میں شہباز شریف کے خلاف خبر لگوائی، شہزاد اکبر کے ذریعے اسٹوری برطانوی اخبار میں پلانٹ کرانے کا کہا گیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان کی برطانوی رپورٹر سے ملاقاتوں کی تصاویر میڈیا کو دکھا دیں اور کہا کہ اسے پاکستان بلوایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹر لے جاکر نیب جیلوں میں لوگوں کے بیان ریکارڈ کرائے گئے، برطانوی اخبار میں 14 جولائی 2019 کو خبر چھاپی گئی۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر میں کہا گیا کہ ڈیفڈ فنڈ میں کرپشن ہوئی، برطانیہ کی جانب سے اسی شام اس معاملے کی وضاحت آ گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ لندن میں شہزاد اکبر نے برطانوی اخبار کی پلانٹڈ خبر پر پانچویں مرتبہ التوا مانگا، پوچھتی ہوں کہاں گئے ثبوت، کیوں ثبوت نہیں دیتے؟
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ ملک میں مافیا کا ماسٹر شہباز شریف پر الزام لگا رہا ہے، کیسز پر کیسز بنائے جارہے ہیں لیکن کرپشن کے خلاف ثبوت نہیں لائے جارہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کا وکیل کہتا ہے کہ ہمارے پاس ثبوت نہیں، شہزاد اکبر برطانوی اخبار کے رپورٹر کو کیوں ثبوت فراہم نہیں کر رہے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ صرف انتقام کے حسد میں جل رہے ہیں، بشیر میمن کو بلا کر نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف مقدمات بنانے کا کہا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چار ماہ سپریم کورٹ میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، شہباز شریف کے خلاف یہ کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، لندن میں ہتک عزت کا کیس ہوا ہے عمران خان وہاں ثبوت کیوں نہیں دیتے؟