• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی نئی آڈیو پر ن لیگی ترجمان کو تکلیف ہے، شہزاد اکبر


وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کو مریم نواز کی نئی آڈیو آنے پر تکلیف ہے۔

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ 2008ء سے 2018ء کے دوران شہباز شریف کے اثاثوں میں 7 ارب کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ان کے خلاف مقدمے کا کہا تھا، انہیں چیلنج ہے کسی بھی عدالت میں بلالیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے انکشاف کیا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف دوسرے کیس میں فرد جرم عائد ہونے جارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج تک شہباز شریف کے نوٹس کا انتظار کررہا ہوں،ڈیلی میل پر شہباز شریف نے جھوٹ بولا۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے قوم سے جھوٹ بولا، اپوزیشن لیڈر نے کہا تھا کہ وہ میرے خلاف مقدمہ کریں گے، مجھے کسی بھی عدالت میں لے جائیں، میں ثبوت لے کر آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کے 14 ملازمین کے نام پر اکاؤنٹس کھولے گئے، ملز کے چھوٹے ملازمین کے نام پر منی لانڈرنگ کی گئی۔

وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ یہ پیسہ کیش کی صورت میں نکالا جاتا رہا، یہی پیسہ شریف خاندان کے اکاؤنٹس میں جاتا رہا، شہباز شریف کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں۔

تازہ ترین