• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف پارٹی صدر، وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، PTI امیدواروں کو ہیلمٹ پہن کر عوام میں جانا ہوگا، مریم نواز

PTI امیدواروں کو ہیلمٹ پہن کر عوام میں جانا ہوگا، مریم نواز


اسلام آباد، لاہور(نیوز ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ شہباز شریف پارٹی صدر ہیں ، وزیراعظم کے امیداوار کے فیصلے کااختیار نوازشریف کے پاس ہے، عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی، مولانا کی فتح ہماری فتح ہے، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کانتیجہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے، ایک وقت آئیگا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا، پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال ،پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے،عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے ،مستعفی ہوجائیں، قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج ایک تجربے کے خاتمے کا آغاز ہے جسکی قیمت قوم کو بھگتنا پڑی ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا دھاندلی کے باوجود پی ٹی آئی کو پختونخوا میں شکست ہوئی،احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوام کو مبارک ہو،عمران خان نے پی ٹی آئی کی شکست کا نوٹس لے لیا،پی ٹی آئی اب ختم ہو رہی ہے کیونکہ عمران خان نے نوٹس لے لیاہے،کے پی الیکشن میں عوام نے پی ڈی ایم جماعتوں پر انحصار کیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہی نیب جو روزانہ سماعت کی درخواست دے رہا تھا اب التوا مانگ رہا ہے، نیب کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، نیب کے پاس جھوٹ تھا، اس لیے التوا مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے اب تو کوئی پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا نہیں رہے گا، میرا مشورہ ہے پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والے ہیلمٹ پہن کے جائیں کیونکہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ حکومت ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے، یہ پہلی سٹنگ حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے، لاہور میں یہ سامنا کرنے کے قابل نہیں تھے، کوئی تھوڑی سی بھی عزت والا ہو تو خداحافظ کہہ کر چلاجائے، عمران خان عوام کی جان چھوڑدیں اور تھوڑی سی جوعزت ہے وہ بچاکے چلے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی میں پیس کر رکھ دیا ہے اور لوگوں کی زندگیاں عذاب کردی ہیں، کے پی کے اپنے گھر میں اتنی شرم ناک بد ترین شکست ہوئی، عمران خان کو چاہیے ابھی بھی موقع ہے عوام کی جان چھوڑ دیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہبازشریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں اور انتہائی سینئر ہیں، جب وقت آئے گا تو جماعت فیصلہ کرے گی، سب پارٹی رہنماؤں نے فیصلے کا اختیار نوازشریف کو دیا ہوا ہے، وقت آئے گا تو پارٹی کی مشاورت سے نوازشریف فیصلہ کریں گے ، ہم سب شہبازشریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کی سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف وطن آنے کو بے چین ہیں،ان کا ملک ان کی مٹی ہے، جلد واپس آئیں گے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتی ہوں، مولانا کی فتح ہماری فتح ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی شکست عوام کی کمر توڑ مہنگائی، قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور حکمرانی کی تباہی پر غصے کا اظہار ہے۔ نتائج ایک تجربے کے خاتمے کا آغاز ہے جس کی قیمت قوم کو بھگتنا پڑی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنمااحسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوام کو مبارک ہو،عمران خان نے پی ٹی آئی کی شکست کا نوٹس لے لیا،پی ٹی آئی اب ختم ہو رہی ہے کیونکہ عمران خان نے نوٹس لے لیاہے،کے پی الیکشن میں عوام نے پی ڈی ایم جماعتوں پر انحصار کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خیبرپختو نخوا کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں حکومت کو شکست فاش دی ہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حالت سب کے سامنے ہےایل این جی ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کے پی میں حکومت اور پولیس تھی، انتخابات میں دو دن پہلے دھاندلی شروع ہوگئی تھی، دھاندلی کے باوجود پھر بھی عوام نے انہیں شکست دی۔            

تازہ ترین