پشاور(وقائع نگار) نومنتخب میٹروپولیٹن پشاور سٹی میئر زبیرعلی کے رہائش گاہ پرمبارکبادی کا تانتابندھا رہا،جمعیت علمائاسلام کے مرکزی رہنماء مولانا عبدالعفورحیدری، صوبائی صدر مولاناعطا ءالرحمان، صوبائی جنرل سیکرٹری عطاء الحق دوریش،سینیٹرحاجی ہدایت اللہ،سابقہ صوبائی وزراء فضل علی حقانی، سید ظاہرعلی شاہ، ارشدعبداللہ، میاں نثارگل، بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر، سابقہ ضلعی ناظم محمد عمر مہمند، سابقہ ٹاون ون ناظم نیازمہمند، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، قومی وطن پارٹی، اے این پی، جمعیت علماء اسلام، جماعت اسلامی کے سابقہ ضلعی وٹاونز ممبران، سابقہ ناظمین، کارکنان، وکلاء، صحافی ، تاجر تنظیموں سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ مبارکبادی کے لئے کثیر تعداد میں آکر زبیرعلی، حاجی غلام علی کو پھولوں کے ہار پہنا ئے اوران کو مبارکباد گی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زبیرعلی نے کہاکہ میری کامیابی دراصل پشاور کے شہریوں، نوجوانوں، بزرگوں، مائوں ، بہنوں، تاجر تنظیموں، وکلاء سمیت ہر مکاتب فکر کی کامیابی ہے ، میری کوشش ہے کہ میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر پشاور کی تعمیر وترقی کا آغاز کروں ،پشاور کے لئے پلان بنائوں، پشاور کی ترقی کا پلان صوبائی حکومت کے ساتھ بھی شیئرکرینگے۔ زبیرعلی نے کہاکہ پشاور شہر کو دو حصوں میں تقسیم کروں گا اندرون شہر کے مسائل ومشکلات الگ ہیں جبکہ بیرون شہر کے مسائل ومشکلات اور سہولتوں کا فقدان الگ ہے،ہم شہر میں نئی تعمیرات کو پلان کے تحت شروع کرینگے، پشاور کے شہری، نوجوان میرے بازو ہیں ،میں آپ سب کو یقین دلاتاہوں کہ پورے میٹروپولیٹن سٹی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گااور بنیادی مسائل کے ساتھ، سکولوں کے حالت زار بہتر بنانے، ٹریفک مسائل، بنیادی مراکز صحت فعال طریقے سے بحالی لوکل کمیونٹی کے شرکت داری کے ساتھ مل کر حل کروں گا ،ہسپتالوںسمیت جس ادارے میں بھی عام کو مشکلات ہوں، اسی کا خا تمہ میرااولین ترجیح ہوگی کیونکہ کے پشاور کے عوام، ماوں، بہنوں اور تمام مکاتب فکر اور شہریوں نے جو مینڈیٹ خلوص کے ساتھ دیا اس کو خدمت کرکے واپس کرنے کی کوشش کروں گا اور اگر وہ مشکلات صوبائی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہوں تو صوبائی حکومت کے تعاون سے حل کرنے کی بھرپور کوشش کروںگا ،پشاورمیں سیاست سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام کا آغازکرینگے، نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور نومنتخب کونسلر کواپنے اپنے علاقے میں اہم ٹاسک بنیادی سہولتوں کا دیاجائے گااور ایک موثرحکمت عملی بناکر نیبرہڈ اور ویلج کونسل منتخب اراکین کے ساتھ مل کر اپنے مسائل کے پلان سے آگاہ کرینگے اور ان سے بھرپور انداز پشاور کی تعمیر وترقی میں رول اداکرنے کے کوشش کرینگے۔پشاور کی ترقی اور مسائل کے خاتمے کے لئے اپنے وسائل اورصوبائی و وفاقی حکومت کے تعاون سے پشاور شہر کی تاریخی حیثیت اور دوبارہ پھولوں کا شہر بنانے سمیت بچوں کے لئے کھیل کود کے میدان او روتفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لئے عملی جدوجہد کرینگے۔