• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب انفارمیشن کمیشن نے حکم عدولی پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو نوٹس جاری کر دیا

لاہور (آصف محمود سے) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2013ءپر عملدرآمد کے حوالے سے کمیشن کی حکم عدولی پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ”جنگ“ کو موصول  دستاویزات کے مطابق گوجرانوالہ کے رہائشی وسیم الٰہی ایڈووکیٹ نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو درخواست دی کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013ءکے تحت اسے بتایا جائے کہ ڈی سی او آفس سیالکوٹ میں3 ملازمین ریٹائرمنٹ کے بعد بھی غیر قانونی طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ جس سے خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ہے، اس پر بطور کمشنر کیا ایکشن لیا۔  یہ کیسے ممکن ہوا کہ ملازمین دو سال سے سرکاری ملازمت ناجائز اور غیر قانونی طور پر کر رہے تھے۔کیا ان ملازمین کے خلاف دھوکہ دہی، بدیانتی، کار سرکار مداخلت، فراڈ اور امانت میں خیانت کی دفعات کے تحت کوئی پولیس کیس رجسٹر کروایا گیا ہے اور کیا ان ملازمین کے خلاف دیگر مروجہ قوانین کے تحت کوئی کارروائی  کی  گئی ہے ۔ شکایت کنندہ کو یہ معلومات فراہم نہ کی گئیں جس پر اس نے پنجاب انفارمیشن کو درخواست دی۔ پنجاب انفارمیشن کمیشن نے  کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو 28 جنوری 2016ءکو حکم دیا کہ شکایت کنندہ کو یہ معلومات فراہم کی جائیں لیکن کمیشن کے حکم کو بھی نظرانداز کر دیا گیا۔ کمشنر انفارمیشن کمیشن مختار احمد علی نے گزشتہ روز کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 مئی تک مذکورہ معلومات شکایت کنندہ کو فراہم کرنے اور اس کی کاپیاں کمیشن کو بھیجنے کا حکم دیا  اور کہا  کہ اگر مذکورہ مدت تک مطلوبہ معلومات فراہم نہ کی گئیں تو  کمشنر گوجرانوالہ کے خلاف فوجداری قانون کے مطابق کارروائی کی  جائے گی۔ نوٹس
تازہ ترین