اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ رواں ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ5 ارب ڈالرسے زیادہ ہونا معاشی تباہی کی علامت ہے،100 سے زائد اشیاء پر 17فیصد جی ایس ٹی کا یکساں اطلاق مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا،معیشت ریورس گیئر میں ہے، صنعت، کاروبار، تجارت اور روزگار سب کا حال خراب ہے، منی بجٹ مسلط کرنے، قوم اور ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے بجائے حکومت استعفیٰ دے۔ بدھ کو ایک بیان میں صدر مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ تجارتی خسارے میں ریکارڈ اضافہ ملکی درآمدات اوربرآمدات میں عدم توازن کا واضح ثبوت ہے، تازہ اعدادوشمار بتارہے ہیں کہ ملک میں ڈالر کی آمد میں کمی ہوگئی ہے، روپے کی قدر پر دباو بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے۔