جسمانی وزن میں اضافہ باآسانی جبکہ اس میں کمی لانا آسان نہیں ہوتا مگر ناممکن بھی نہیں ہے، وزن میں کمی لانے کے لیے اگر چند غذاؤں کا صحیح استعمال کر لیا جائے تو یہ نقصان پہنچانے کے بجائے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی کے صحیح استعمال کے نتیجے میں بڑھے ہوئے وزن اور اضافی کولیسٹرول میں کمی آتی ہے، کافی میں موجود کیفین کے سبب میٹابولزم 3 سے 11 فیصد تیز ہوتا جاتا ہے جو کہ مجموعی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے جبکہ کافی کے استعمال سے چربی گھلنے کا عمل بھی 10 سے 29 فیصد تک تیز ہوجاتا ہے۔
ماہرین کی جانب سے تجویز دی جاتی ہے کہ کافی کے استعمال کے دوران چینی یا زیادہ کیلوریز والے دیگر اجزا کا استعمال کرنے سے گریز کریں ورنہ اس کا صحت پر فائدے کے بجائے نقصان ہوگا۔
ماہرین کا کافی سے متعلق کہنا ہے کہ کافی کے مکمل طور پر فوائد حاصل کرنے کے لیے اسے بغیر چینی اور دودھ کے استعمال کیا جائے تو یہ ایک بہترین ’فیٹ کٹر ڈرنک‘ ( چربی پگھلانے کے لیے بہترین مشروب) ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین فٹنس و غذائی ماہرین کے مطابق کافی کا استعمال جم جانے سے قبل اگر کر لیا جائے تو اس کے اثرات دو گنا بڑھ جاتے ہیں اور وزن مزید تیزی سے کم ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جم جانے یا گھر میں ہی ورزش سے قبل تھوڑی سی بلیک کافی پی لینی چاہیے کیونکہ ورزش کرنے سے پہلے جسم کو تھوڑی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا ورزش سے 30 منٹ پہلے کافی کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق بلیک کافی کی یہ خصوصیت ہے کہ اس میں کیفین موجود ہوتی ہے جس سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے اور انسان بہتر طور پر زیادہ دیر کے لیے ورزش کرکے زیادہ کیلوریز جلانے میں کامیاب رہتا ہے۔