چائے کے شوقین افراد کے لیے ایک نئی تحقیق میں خوشخبری سناتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چائے یا کافی پینے کے نتیجے میں انسانی مجموعی صحت پر بے شمار فوائد سمیت فالج اور دماغی مرض ’ڈیمینشیا‘ کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
چین میں کی جانے والی ایک طبی تحقیق کے نتائج کے مطابق چائے یا کافی پینے کے نیتجے میں فالج اٹیک کے خطرات کم اور فالج کے بعد پیش آنے والی دماغی کمزوری کی صورتحال ’ڈیمینشیا‘ کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
چینی ’تیان جن میڈیکل یونیورسٹی‘ کے زیر اہتمام کی جانے والی چائے پر نئی تحقیق کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
اس تحقیق میں تقریباً 50 سال سے 74 سال کی عمر کے درمیان صحت مند 3 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ رضاکاروں کا بغور جائزہ لیا گیا، اس تحقیق میں رضاکاروں کو 2006 سے 2010 تک فہرست میں شامل کیا گیا جو کہ 2020 تک اس تحقیق کا حصہ بنے رہے۔
تحقیق میں شامل رضاکاروں نے کافی اور چائے کے استعمال سے متعلق سائسندانوں کو خود اپنا چائے اور کافی پینے سے متعلق ڈیٹا فراہم کیا۔
اس تحقیق کے دوران 3 لاکھ 65 ہزار سے زائد رضاکاروں میں سے 5079 افراد ڈیمینشیا اور 10 ہزار 53 کو کم از کم ایک بار فالج اٹیک ہوا۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ 2 سے 3 کپ کافی، 3 سے 5 کپ چائے یا 4 سے 6 کپ کافی اور چائے دونوں کا استعمال فالج یا ڈیمینشیا کے خطرات کم کر سکتا ہے۔
تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ 2 سے 3 کپ چائےیا کافی پینے والے افراد میں فالج کے اٹیک کا خطرہ 32 فیصد اور ڈیمینشیا کا خطرہ 28 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
محققین کے مطابق اس تحقیق کے نتائج سے یہ نتیجہ اَخذ کیا گیا ہے کہ بڑی عمر کے افراد میں اعتدال میں رہتے ہوئے کافی یا چائے کا استعمال مہلک بیماری (بڑی عمر کے افراد کو زیادہ لاحق ہونے والی بیماری) فالج اور ڈیمینشیا کا خطرہ واضح کم کر دیتا ہے۔
محققین کے مطابق روزانہ 3 کپ کافی یا چائے یا دونوں کا استعمال ذہنی صحت سمیت دل کی کارکردگی کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔