لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر بات چیت چل رہی ہے، اپوزیشن کسی قسم کا ڈیڈ لاک پیدا نہیں کرے گی، امید ہے الیکشن کمیشن بلدیاتی اور عام انتخابات میں اپنا اہم کردار اداکرے گا۔ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں خیبر پختوانخواہ اور پنجاب کے ممبران کے عہدے کافی دیر سے خالی ہیں ،وزیراعظم کی قائد حزب اختلاف سے بات نہ ہوسکی جس سے عہدے خالی ہیں، امید ہے حکومت اس پر مذاکرات جلد مکمل کریگی تاکہ اتفاق رائے سے عہدوں پر تعیناتی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوحکومت کی ناکامی کا بوجھ اٹھائے گا وہ عوام کے غیض و غضب کا سامنا کریگا، آنے والے دنوں میں حکومت کے اتحادی بھی چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو معاشی طورپر تباہ کر دیا گیا ہے ،اگر ساڑھے تین سو ارب روپے کے نئے ٹیکس لگ گئے تو عوام زندہ درگور ہو جائیں گے، ملک کو بچانا ہے تو نالائق و ناکام حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔ انہوں نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جب نوازشریف کو معالجین کہیں گے وہ ایک دن ضائع کئے بغیر وطن واپس آئیں گے،جب سے نوازشریف کی واپسی کی خبریں آ رہی ہیں حکومت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔