کراچی، اسلام آباد(نیوزایجنسیز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ بھارت کو پاکستان ایک آنکھ نہیں بھاتا،ہندو مسلمان کے قتل و غارت اور خاتمے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار پرحاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں انہوں نے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرائے۔
انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری میرے لئے باعث اعزاز ہے، قائد اعظم نے دنیا کا سب سے بڑا اسلامی ملک بنایا، یہ قائد اعظم کی دور اندیشی تھی ،آج کشمیر و بھارت میں مسلمان جس قسم کی زندگی گزار رہے ہیں اس کو دیکھ کر ہم پاکستان خدا کی ایک نعمت سمجھتے ہیں ، آج ہندوستانی مسلمان بھی قائداعظم کے فیصلے کی تعریف کر رہے ہیں، پاکستان میں اقلیتی برادری کو تمام حقوق دینے ہیں،ہم بھارت جیسا سلوک اقلیتی برادری کیساتھ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آج عہد کرنا ہے کہ اقلیتوں کو وہ آئینی حقوق فراہم کرینگے جن سے ملک میں دیگر تمام لوگ لطف اندوز ہو رہے ہیں، ہمارے اپنے اختلاف جتنے بھی ہوں پاکستان تا قیامت قائم رہے گا، پاکستان وہ حقیقت ہے جسے عقل کا اندھا بھی انکار نہیں کرسکتا۔