چیف میٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ سردی نہیں آئے گی، درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں آنے کا امکان نہیں، شہر میں مجموعی طور پر ہلکی بارش کی صورتحال رہے گی تاہم کل صبح کے بعد سے بارش کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹ سردار سرفراز نے کہاکہ سائیبیرین ہواؤں کو مغرب سے آنے والی ہواؤں نے ہٹا دیا ہے، تاہم بار ش، برفباری لانے والی ہواؤں کا تسلسل آتا رہے گا۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ پورے ملک سے سائیبیرین ہوائیں ہٹی ہوئی ہیں، کراچی میں رات کا درجہ حرارت 12،13سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، بلوچستان میں 31دسمبر یا یکم جنوری سے ایک اور لہر آئے گی تاہم کراچی میں جنوری کے شروع کے 10 دن تک سردی کی باقاعدہ لہر نہیں آئے گی۔
چیف میٹ نے بتایا کہ گلوبل وارمنگ کے باعث کراچی کا بھی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، آج شہر میں مطلع ابر آلود اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم سےکم درجہ حرارت 12 سے 14ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی کی ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 85 فیصد ہے، شمال مشرق سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرمیوں کا دورانیہ زیادہ اور سردیوں کا کم ہوتاجا رہا ہے، یکم جنوری سے ملک میں اچھی بارش ہونے کی توقع ہے، شہر قائد میں شام، رات اور کل صبح تک بارش وقفے وقفے سے جاری رہے گی ، دن کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہے گی۔
سردار سرفراز کاکہنا تھا کہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں اور شمال میں بھی کل تک ہی بارش کاسلسلہ رہے گا جبکہ لاہور میں اگر مزید بارش ہوئی تو وہ ہلکی ہی ہوگی مگر دھند کی صورتحال پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ تھوڑی بارش ہو تو نمی فضا میں ٹھہر کر صورتحال اور خراب کردیتی ہے، چار پانچ جنوری تک گہری دھند کا سلسلہ چھٹ جانے کی امید ہے ۔