ملتان میں ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے نشتر اسپتال کی انتظامیہ کے ناروا سلوک کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج جاری ، چوک کچہری تک ریلی نکالی گئی جہاں نرسوں نے دھرنا دیا۔
ملتان میں ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے نشتر روڈ پر احتجاج کیا اور روڈ کو بلاک کر دیا ۔ نرسز کا کہنا تھا کہ آج ان کے احتجاج اور ہڑتال کا تیسرا روز ہے ،تاہم اب تک نشتر اسپتال کی انتظامیہ کے رویے کا کسی نے نوٹس نہیں لیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست ہے کہ وہ نرسز کے مسائل حل کریں ۔
نرسوں نے نشتر روڈ سے چوک کچہری تک ریلی نکالی اور چوک کچہری پر دھرنا بھی دیا ۔
نرسز نے مطالبہ کیا کہ نشتر اسپتال کی نرسنگ ہیڈ کوکب ناہید کو ان کے عہدے سے فوری طور پرہٹایا جائے ۔ گزشتہ 3 سال سے ہیڈ نرس نے اسٹاف نرسز کی چھٹیاں روک رکھی ہیں اور مجبوری کی حالت میں بھی انہیں چھٹی یا پھر ڈیوٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ۔
نرسز کا کہنا تھا کہ ایم ۔ ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر عاشق ملک کا رویہ بھی نرسز کے ساتھ ہتک آمیز ہے انہیں بھی تبدیل کیا جائے ۔ احتجاج کرنے والی نرسز نے مزید کہا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہڑتال ایوننگ اور نائٹ شفٹ میں بھی شروع کر دی جائے گی ۔