کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کیخلاف حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آج منگل تک کیلئے ملتوی کر دی۔ کراچی رجسٹری میں دو رکنی بینچ نے کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کارونجھر پہاڑ کو کاٹا جا رہا ہے۔ تھرپارکر کے خوبصورت پہاڑوں کو کاٹا جارہا ہے۔ کارونجھر پہاڑ پر نایاب پتھرو کی کٹائی سے نقصان ہوگا۔ اس طرح نگر پارکر کی خوبصورتی کو تباہ کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کون کاٹ رہا ہے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ کارونجھر کو محکمہ مائینز اینڈ منرلز والے کاٹ رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کارونجھر پہاڑ پر تو پورا پاکستان جاتا ہے، تفریحی مقام کو ختم کررہے ہیں؟ قیمتی پتھروں کو کاٹ رہے ہیں ؟ عدالت عظمی نے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آج کیلئے ملتوی کردی۔