پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت دیوالیہ ہو گئی ہے، قرضوں کے عوض ملکی خود مختاری گروی رکھ دی گئی ہے۔ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا ملک میں آئین اور جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔
نارووال میں آل پنجاب میئر و ڈسٹرکٹ چیئرمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جو لوگ بلدیاتی ادارے ختم کرنے کے پیچھے تھے ان پر آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے، حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو 7 ماہ تک ردی کی ٹوکری میں پھینکے رکھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بے توقیر کیا جائے گا تو ملک میں کیسے قانون کی حکمرانی ہوگی؟
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پاکستان آج کراس روڈ پر کھڑا ہے، اس وقت پاکستان میں جمہوری کلچر کے فروغ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پرشدید تنہائی کا شکار ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے قانون کی حکمرانی ضروری ہے، قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک کو چلانا ہوگا۔