• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ بطور وزیرِ خزانہ وزیرِ اعظم عمران خان کا غریبوں کے لیے خواب پورا کرتا رہوں گا، ملک کے غریب عوام کے لیے آج بڑا دن ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے، 74 سال عوام کو صرف خواب دکھائے گئے۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اب عمران خان آئے ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ معیشت کو عوام کے لیے ترقی دیں گے، کچھ ایسا کریں کہ جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکل نہ ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے عوام عزت کے ساتھ اپنی روزی خود کمانا چاہتے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان وہ شخص ہیں جو ریاستِ مدینہ پر یقین رکھتے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ غریب کی حالت بہتر کرنے کے لیے انتظار نہیں کرنا، ایسا کام کرو کہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ نچلے طبقے میں خوش حالی آئے گی تو اصل پاکستان بنے گا، ماضی میں ثمرات اوپر سے نیچے تک لانے کی بات کی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بڑے بینک اب زراعت کے شعبے میں قرضہ دیں گے، زراعت میں 3 سال کا بلا سود قرضہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے صحت کارڈ کے ذریعے غریب عوام کے لیے علاج کا بھی بندوبست کیا، فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، نچلے طبقے میں جب خوش حالی آئے گی تو پاکستان بنے گا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں لیڈر ایک ہی ہے جس کا نام عمران خان ہے، پہلے وزیرِ اعظم عمران خان اور پھر ان کی حکومت کے لیے دعا کریں۔

تازہ ترین