ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بولی وڈ اداکار اور رائٹرقادر خان کی گزشتہ روز تیسری برسی منائی گئی۔ بہترین فنکار، کامیڈین، کیریکٹر آرٹسٹ، ویلن، عمدہ اسکرپٹ رائٹر، فلم ڈائریکٹر اور اس سے بھی بڑھ کر ایک شاندار شخصیت، قادر خان نے پردے پر جو کردار بھی نبھایا اُس کے انمٹ نقوش چھوڑدئیے۔ ہندی سینما کے ایسے لیجنڈ ایکٹر نے 31 دسمبر 2018 کودنیا چھوڑ دی تھی۔ہندی فلم انڈسٹری میں ولن سے لے کر کامیڈین تک الگ الگ رول پلے کر کے شائقین کا بھرپور انٹرٹنمنٹ کرنے والے قادر خان کی پیدائش 22اکتوبر 1937میں افغانستان کے شہر کابل میں ہوئی تھی۔ قادر خان کی قلم کا ہی کمال تھا کہ انہوں نے کئی فلموں کو اپنے ڈائیلاگز کی وجہ سے ہٹ کروایا تھا۔ سپر اسٹار راجیش کھنہ ہو یا امیتابھ بچن، ان کے کرئیر کو ہٹ بنانے میں اس عظیم ایکٹر رائٹر کا بڑا کردار رہا ہے۔منموہن دیسائی کی 974 میں فلم ’روٹی‘ میں راجیش کھنہ اور ممتاز کی جوڑی تھی، یہ فلم سپر ہٹ رہی تھی۔ اس فلم کے ڈائیلاگز قادر خان نے لکھے تھے اور آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ 47 سال پہلے اس فلم کے ڈائیلاگ لکھنے کے لئے منموہن دیسائی نے اُنہیں 1 لاکھ 25 ہزار روپے دئیے تھے۔ اس فلم کے بارے میں قادر خان نے انٹرویو میں خود بتایا تھا کہ جب ’منموہن دیسائی سے ملے تو انہوں نے کہا کہ مجھےمعلوم ہے کہ تم لوگوں کو لکھنے نہیں آتا، شاعری لکھتے ہو۔ مجھے شاعری نہیں چاہیے، ایسے ڈائیلاگ چاہیے جس پر تالی ملے۔ اگر بکواس لکھ کر لایا تو پھاڑ کر نالی میں ڈال دوں گا۔‘قادر خان نے بتایا تھاکہ ’کہا اگر اچھا لکھا تو، اس پر منموہن دیسائی نے کہا کہ تب سر پر بٹھا کر ناچوں گا۔ اس کے بعد ’روٹی‘ کا کلائمکس لکھنے کا کام دیا۔ قادر خان رات بھر بیٹھ کر لکھتے رہے، اگلے دن ملنے گئے اور جب ڈائیلاگز سنائے تو منموہن دیسائی اتنے خوش ہوئے کہ اپنے ہاتھ میں پہنا ہوا سونے کا بریسلیٹ اُتار کر دے دیا۔ اتنا ہی نہیں، 25ہزار کیش اور اپنا ٹی وی سیٹ بھی اُٹھاکر دے دیا۔ پھر پوچھا لکھنے کے کتنے پیسے لیتا ہے۔ قادر خان تھوڑی ہچکچاہٹ کے بعد بولے 25 ہزار۔ اس پر بولے میں تمہیں 1 لاکھ دونگا، ایسے ہی زبردست ڈائیلاگ لکھنا۔’یاد رہےکہ قادر خان نے قریب 300 فلموں میں کام کیا تھا اور قریب 250 فلموں کے ڈائیلاگ لکھے تھے۔