• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ کے لوگوں سے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے؟ سندھ واحد صوبہ ہے جس کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں اسپتالوں کا جو حال ہیں اس سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے، ہمارا راشن کارڈ کا بھی منصوبہ ہے جس میں سندھ حصہ نہیں لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنانس ترمیمی بل 15سے 20 جنوری تک پاس ہوجائے گا، ہمیں آزاد ادارہ چاہیے، اسٹیٹ بینک کا آزاد ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی نہیں رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے، شہباز شریف اپنے بھائی کو واپس لائیں یا جعلی حلف نامے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے، ہائی کورٹ کو اس معاملے پر ازخود نوٹس لے کر شہباز شریف کو بلانا چاہیے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے لئے وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کو ہدایت جاری کی ہے۔

وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوتی ہے تو ہمارے ہاں بھی کم کی جاتی ہے، یوریا کا ہر جگہ پر مسئلہ ہے، دنیا میں یوریا کی فی بیگ کی قیمت 10ہزار روپے ہے، پاکستان میں 1700 سے 2000 روپے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی ہے لیکن اب صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوگی، پاکستان میں معاشی استحکام واپس آرہا ہے، 55 بلین ڈالر ہمیں 5 سالوں میں واپس کرنے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نجی سیکٹر نے پیسہ کمایا ہے لیکن ورکرز کی تنخواہیں نہیں بڑھائیں، پی ٹی آئی حکومت میں مفتاح اسماعیل کی کمپنی نے ریکارڈ منافع کمایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید