• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کانسٹیبل کے قتل کا ملزم سمیر چریا ساتھی سمیت گرفتار


کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں 14 دسمبر کو فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو شہید کرنے والے 2 ڈاکو پولیس نے گرفتار کر لیے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گزشتہ رات ابراہیم حیدری سے زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزمان سمیر عرف چریا اور فراز نے پولیس اہلکار صلاح الین کو شہید کرنے کا اعتراف کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان 12 دسمبر کو ڈکیتی کے بعد پیٹرولنگ پر موجود پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے گولی لگنے سے پولیس کانسٹیبل صلاح الدین شدید زخمی ہوا تھا جسے تشویش ناک حالت میں آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ 14 دسمبر کو چل بسا تھا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ پولیس اہلکار پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے کر فارنزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ کے سینے پر بھی گولی لگی تھی جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے، ملزمان کی فائرنگ سے گولیاں پولیس موبائل میں بھی پیوست ہوئیں۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار ملزمان پیشہ ور مجرم ہیں اور متعدد بار ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 3 رکنی ملزمان کا گروہ ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ گزشتہ شب ملزمان کے گروہ نے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک شہری سے موبائل فون اور کیش لوٹا تھا جو گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل تھانہ عوامی کالونی سے چوری شدہ ہے جس کا مقدمہ نمبر 751/2021 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج ہے۔

ایس ایس پی ملیر نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار ملزمان کا مفرور ساتھی بھی شہید پولیس اہلکار پر فائرنگ میں ملوث ہے، جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ گرفتار ملزمان سمیر عرف چریا اور فراز کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید