• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی بجٹ بل 2021 سینیٹ میں پیش، اپوزیشن سراپا احتجاج


حکومت نے منی بجٹ بل 2021 سینیٹ میں پیش کردیا، اس موقع پر اپوزیشن نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے کہنے پر منی بل ایوان میں پیش کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے منی بجٹ بل 2021 ایوانِ بالا میں پیش کیا تو چیئرمین سینیٹ نے بل کی کاپی متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے تین دن میں آراء طلب کر لیں۔

سینیٹر رضا ربانی، شیری رحمان اور دیگر اپوزیشن ارکان نے کہا کہ منی بل آئی ایم ایف کے کہنے پر پیش کیا گیا، اسٹیٹ بینک کو گروی رکھا جارہا ہے، ایوان اور قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔

ایوان نے خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسگی سے تحفظ کا ترمیمی بل 2021 اور قومی کمیشن برائے حقوق طفل ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیے۔

قائدِ ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی میڈیا کو کنٹرول کرنے سے متعلق مبینہ آڈیو لیک کا معاملہ اٹھایا۔

ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ آڈیو آپ کو فراہم کی، ان کے پاس آپ کی ویڈیوز بھی موجود ہیں، ایسے معاملات سے صرف نظر کر لیا کریں۔

 ریکوڈک کے معاملے پر حکومت کی طرف سے بریفنگ نہ دینے پر اپوزیشن نے ایوان سے 2 بار واک آؤٹ کیا جبکہ تین بار کورم کی نشاندہی کی گئی، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید