ملکۂ کوہسار مری میں برفانی طوفان کے باعث اب تک 22 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، کلڈانہ کے مقام پر سرچ و ریسکیو آپریشن جاری ہے، لاشیں اسپتال نہیں لائی جا سکیں بلکہ اسکول منتقل کی گئی ہیں۔
مری میں کافی تعداد میں اموات کی اطلاعات ہیں مگر راستے بند ہونے کی وجہ سے لاشیں اسپتال نہیں پہنچائی جا سکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مری میں جاں بحق 22 افراد کی لاشیں کلڈانہ لاجسٹک اسکول پہنچائی گئی ہیں، اس اسکول میں آرمی کا کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق سڑکوں پر بہت زیادہ برف ہے جس کے باعث ریسکیو و سرچ آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سڑکوں پر برف کے باعث ریسکیو 1122 کا عملہ پیدل چل کر سرچ آپریشن کر رہا ہے۔
ایڈمن افسر اورنگ زیب ستی کے مطابق مری میں جاں بحق کسی ایک شخص کی لاش اسپتال نہیں پہنچائی جا سکی، مری کے کلڈانہ روڈ کی تمام سڑکیں 3 دن سے مکمل بند ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 دن کے دوران صرف 6 مریض تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مری لائے گئے، مری میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال جی پی او کے قریب واقع ہے۔
ایڈمن افسر اورنگ زیب ستی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف 3 دن سے اسپتال نہیں پہنچ پایا، نرسز اور ڈاکٹرز کی 1 ہی شفٹ گزشتہ 3 دن سے اسپتال میں ڈیوٹی پر ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گلیات روڈ، ایوبیہ، نتھیا گلی اور کلڈانہ روڈ ہیوی مشینری کے بغیر نہیں کھل سکتا۔