وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سانحہ مری میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے گھر پہنچ گئے۔
شیخ رشید کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہیں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ شیخ رشید مری میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ان کےگھر پر تعزیت کرنے پہنچے ہیں۔
مری کا سانحہ گزر گیا اور غم کی داستانیں اور دکھ کے پہاڑ چھوڑ گیا۔
مری میں شدید برفباری کے دوران جان سے جانے والوں کو ان کے پیاروں نے زمین کی گود میں سُلادیا، اس دوران ہر آنکھ اشک بار، ہر دل غم سے نڈھال رہا۔
خیال رہے کہ مری میں برفانی طوفان کے تین روز بعد بھی زندگی معمول پر نہیں آسکی ، دھوپ تو نکل آئی مگر موسم بدستور سرد ہے۔
مری میں پانی، بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی، موبائل فون سروس بھی متاثر ہے، مری میں پھنسے سیاحوں کی بڑی تعداد واپس چلی گئی ہے۔