وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ان کا وزیراعظم عمران خان پر سو فیصد اعتماد ہے، عمران خان ان کے لیڈر ہیں، وہ ان کے خلاف سوچ بھی نہیں سکتا۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ٹی وی دیکھ کر حیران تھا جیسے کوئی طوفان کھڑا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صرف گیس کے مسائل پر بات چیت ہوئی تھی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ان کا سوال تھا کہ جو ہماری گیس کی اسکیمیں ہیں وہ چلنی چاہئیں، ایسی کوئی بات نہیں کہی کہ ووٹ نہیں دیں گے۔
ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پارٹی کی اندرونی بات ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نہ وہ وزیراعظم کے خلاف ہیں، نہ ہوسکتے ہیں اور نہ ہی سوچ سکتے ہیں، عمران خان ان کے لیڈر ہیں، وہ ہر میٹنگ میں بات کرتے ہیں۔
اپنی بات کو انہوں نے دوبارہ دہرایا کہ اجلاس میں کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، سگریٹ پینے کے لیے باہر نکلا تھا۔