پاکستان سُپر لیگ کے سیزن سیون کے آفیشل ترانے میں گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ عاطف اسلم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے ۔
آفیشل ترانے کے حوالے سے خبر سامنے آنے کے بعد عاطف اسلم نے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں مداحوں سے سوال کیا گیا کہ ’کیا آپ تیار ہیں۔؟‘
دوسری جانب آئمہ بیگ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں کہا کہ ’اب چونکہ خبر سامنے آ ہی گئی ہے تو میں بھی تصدیق کر دیتی ہوں کے پی ایس ایل سیزن سیون کے آفیشل ترانہ ’تھری ایز‘ نے تیار کیا ہے۔
’تھری ایز‘ سے گلوکارہ کی مراد عاطف اسلم، آئمہ بیگ اور عبداللہ صدیقی تھے، تینوں کے نام کی شروعات انگریزی حرف ’اے‘ سے ہوتی ہے۔
ایک اور اسٹوری میں آئمہ بیگ نے پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور ساتھ انہوں نے لکھا کہ یہ ایک خوشی کی بات بھی ہے لیکن میں یہاں کچھ گھبرائی ہوئی بھی ہوں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل اینتھم کی مخالفت کی ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا ہے کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں، پیسہ ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔