• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفتر خارجہ نے درست نشاندہی کی ہے کہ بھارت موجودہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے کیلئے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ کر سکتا ہے۔ کیفیت یہ ہے کہ نئی دہلی سرکار اقوام متحدہ کی قراردادیں نظر انداز کرتے ہوئے متنازع علاقے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ قرار دینے کے یکطرفہ فیصلے کے بعد ایک طرف کشمیر کی اکثریتی مسلم آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ دوسری جانب مسلمانوں کے بعد دوسری مذہبی اقلیتوں کے لئے عرصہ حیات روز بروز مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ تیسری جانب اندرونی بدنظمی کی گمبھیرتا نے بھارتی حکومت کو بوکھلایا ہوا ہے۔ چوتھی جانب برطانیہ میں سکھوں کی جانب سے بھارت سے آزادی کے ریفرنڈم کے کئی مراحل کی تکمیل کے بین الاقوامی مضمرات اور بعض داخلی تحریکوں پر مرتب ہونے والے اثرات ہیں۔ پانچویں جانب ایک سے زائد مغربی ملکوں کے بعض پارلیمانی ایوانوں سے اٹھنے والی سکھوں کی تحریک سے یکجہتی کی آوازیں ہیں جبکہ بھارت میں انتخابات کا وقت آ رہا ہے اور انتخابی کامیابی کے نسخے کے طور پر بھارت میں پاکستان کے خلاف جنگی جنون کی مہم چلانے کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ بھارت کا شروع سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنی داخلی مشکلات سے توجہ ہٹانے یا انتخابی ضرورتوں کیلئے سرحدوں پرفوجیں لانے سے لیکر جعلی انسانی المیے تخلیق کر کے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے اور فالس فلیگ آپریشن ڈرامے جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔نئی دہلی کو پاک بھارت مسائل حل کرنے اور امن کی ضرورت پر قائل کئے جانے کے وقت تک اسلام آباد کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وہ بھارتی مہم جوئیوں کے سلسلے میں پوری طرح چوکس رہے اور پاکستان دشمن اقدامات کا منہ توڑ عملی و سفارتی جواب دے۔ اقوام متحدہ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدر آمد یقینی بنائے۔ ۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین