• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کا نوٹس لے، چوہدری عظیم

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)کشمیر فورم برطانیہ کے صدر اور کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے اپنے دورہ وٹفورڈ کے دوران مقامی کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں تمام کشمیری وپاکستانی کمیونٹیز مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔چوہدری محمد عظیم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل میں شامل رکن ممالک مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کا فوری نوٹس لے اور اسرائیل کو مجبور کیا جائے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج فوری نکالے ۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا کشمیر ایک متنازع ریاست ہے وہاں اقوام متحدہ کے آبزرور موجود ہیں ۔ اس وقت بھارت نے کشمیر میں نو لاکھ سے زائد آرمی تعینات کر رکھی ہے، اس پر اسرائیل نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا ساتھ دینے کے لیے مظلوم کشمیریوں کے گھروں میں داخل ہو کر حملے شروع کر دیئے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے پر او آئی سی اور اقوام متحدہ کا اجلاس بلائیں ۔ انہوں نے کہا یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی موجودگی میں خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی طرف سے کوئی اقتصادی معاشی اور طبی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کا مسئلہ پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے اور اس پر آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے ۔کشمیر میں گرتی لا شوں کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ وٹفورڈ کمیونٹی سینٹر کے سابق چیئرمین سردار لطیف خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی موجودگی کی سخت سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ان رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ہم میرپور ایئر پورٹ موومنٹ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہر ٹاؤن میں کمیٹیاں قائم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا یہ ایک قومی مطالبہ ہے پاکستان اور آزاد کشمیر گورنمنٹ میرپور میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر کا وعدہ پوراکریں ۔ اسی کے ساتھ رٹھوعہ ھریام پل کی تعمیر فوری کی جائے ۔
یورپ سے سے مزید