مالمو (زبیر حسین) یورپین ملکوں میں کھیلوں کی بات ہو تو فٹبال کا جنون سر چڑھ کر بولتا ہے مگر ان ملکوں میں مقیم پاکستانی اور دیگر جنوبی ایشیائی ملکوں کے شہری کرکٹ کے شائقین میں شمار ہوتےہیں، نارڈک ملکوں کی خون جما دینے والی سردی میں کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں نہ ہونے کے برابر رہتی ہیں اس لئے زیادہ تر ایسے کھیلوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو انڈور ہوں، ایسا ہی ایک کھیل بیڈمنٹن ہے جس میں پاکستانی شاہینوں نے سویڈن بھر میں اپنا ایک خاصامقام بنایا ہے، سال بھر ذریعہ معاش میں مصروف عوام کو جب گرمیوں میں موقع میسر آتا ہے تو کھیلوں کے بڑے میگا ایونٹ منعقد کرکے کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، شاہین بیڈمنٹن کلب سویڈن میں پاکستانی اور دیگر ایشین کمیونٹی کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر عمر کے افراد کیلئے بیڈمنٹن کے ٹورنامنٹ منعقد کئے جاتے ہیں، کلب کی جانب سے گرمیوں میں اس بار ایک میگا ایونٹ منعقد کیا جارہا ہے جہاں سویڈن کے تمام بڑے شہروں سے پاکستانی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے، ٹورنامنٹ سے قبل مختلف شہروں میں پریکٹس میچز کا انعقاد ہورہا ہے ، مالمو شہر میں منعقد ہونے والے پریکٹس سیشن میں پاکستانی کھلاڑی خرم خان، راجہ عاطف شہزاد، اسد محمود، قاضی عاطف، منیر احمد، حسنین ریاض، اور بنگلہ دیش سے عبدالاحد اور میتو نے شرکت کی۔