اولڈہم (نمائندہ جنگ) حکومت پاکستان دیار غیر میں بلا معاوضہ صحافتی فرائض انجام دینے والے صحافیوں کیلئے سفری سہولیات ، میڈیا ٹاؤنز کے رہائشی پلاٹس میں کوٹہ اور فیملی کیلئے علاج معالجے کے سہولت کے ساتھ فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان جرنلسٹس یونین آف یوکے، کے چیف آرگنائزر چوہدری الطاف شاہد سدھو نے صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عید ملن پارٹی میں سید مظہر بخاری ، وسیم چوہدری ،قیصربخاری ، شکیل سلام ، آصف مغل ، ناصر بخاری ، فرحت عباس ، محمد عباس ، ناصر شاہ اور دیگر نے شرکت کی ۔ چیف آرگنائزر الطاف شاہد سدھو نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ملک کے اندر فرائض انجام دینے والے صحافیوں کو بے شمار مراعات دے رکھی ہیں جو کہ حکومت کا قابل ستائش عمل ہے لیکن اس کے برعکس بیرون ممالک میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافیوں کو میڈیا ہاؤسز کی جانب سے کسی قسم کی مالی معاونت حاصل نہیں ہے جب کہ وہ تارکین وطن کو ملکی حالات سے آگاہ رکھنے اور ان کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اس موقع پرسید مظہربخاری نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے ، ایک ذمہ دار صحافی کا کام لوگوں تک اصل حقائق پہنچانا ہوتا ہے لیکن آج کے دور میں اس شعبہ میں بھی غیرمتعلقہ اور نام نہاد لوگ گھس چکے ہیں جو نہ صرف صحافت کی حقیقی روح کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں بلکہ غلط اطلاعات پھیلا کر ماحول میں افراتفری پیدا کرنے کا بھی سبب بنتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک معمار کا کردار ادا کرتے ہوئے مثبت چیزوں کو اپنانا چاہئے۔