وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ن لیگ کے 4 بڑوں کے نام کی تفصیلات سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کے دوران فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ میں 4 لوگ حوصلہ کرکے آگے آنا چاہ رہے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سینئر ترین سزا یافتہ ہیں، انہوں نے پوری زندگی جھوٹ اور فراڈ کی سیاست کی ہے۔
وفاقی وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد ہوئی، جس پر انہیں ریویو پر جانا پڑا، ہمارے سامنے بنیادی معاملہ سابق وزیراعظم کی موجودہ رپورٹس ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بھیجی گئی موجودہ رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا، شہباز شریف نے اسٹمپ پیپر تصدیق کرکے جمع کرائے تھے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر کہہ چکی ہیں کہ جان کی ضمانت دیں تو نواز شریف کو واپس لے آؤں گی، میرے پاس ن لیگ کے 4 بڑوں کے ناموں کی تفصیلات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہدخاقان نےواضح طور پر کہاتھا شہبازشریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں لیکن مریم نواز نے تردید کردی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ شاہد خاقان کمرے میں کچھ گفتگو کرتے ہیں جبکہ باہر آکر کہتے ہیں شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔