لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پچھلے چند سال سے ہر لیڈر حکومت میں آنے سے پہلے مہنگائی کا شور تو مچاتا ہے لیکن آج تک کسی نے یہ نہیں بتایا کہ معاشی مسائل کا حل کیسے نکلے گا ،انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے آئے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کل کے معاشی حالات میں سب سے زیادہ متاثر تنخواہ دار طبقہ ہے، میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آئندہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا۔ کاروباری طبقہ دو کی چیز چار میں بیچ کر اپنا گھاٹا پورا کر لیتا ہے۔ فیکٹری مالکان اپنی چیزوں کی قیمت بڑھا کر منافع کما لیتے ہیں لیکن اپنے اداروں میں کام کرنے والوں کی تنخواہیں نہیں بڑھاتے۔